ویڈیو ایڈیٹنگ میں جائز اور ناجائز آوازوں کا حکم
Question
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میں ایک مسلم ویڈیو ایڈیٹر بننا چاہتی ہوں اور مستقبل میں اسی سے حلال روزی کمانا چاہتی ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ ویڈیو ایڈیٹنگ کے دوران کون سی آوازیں استعمال کرنا جائز ہیں؟ مثلاً: - صرف ساؤنڈ ایفیکٹس (Whoosh, Click, Impact وغیرہ) - قدرتی آوازیں (بارش، ہوا، پرندے وغیرہ) - وائس اوور - بغیر موسیقی والی نشید - بیک گراؤنڈ آڈیو اور کن چیزوں سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے؟ میں چاہتی ہوں کہ میری کمائی مکمل طور پر حلال ہو، اس لیے آپ قرآن و سنت کی روشنی میں میری رہنمائی فرما دیں۔ جزاکم اللہ خیراً۔
Islamic Ruling & Answer
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
صورتِ مسئولہ میں ویڈیو ایڈیٹنگ بذاتِ خود ناجائز نہیں، بلکہ اس کا حکم اس میں موجود مواد اور استعمال ہونے والی آوازوں پر موقوف ہے۔
لہٰذا جائز آڈیوز یا ویڈیوز کے بیک گراؤنڈ میں خالص میوزک کا استعمال ناجائز اور حرام ہے۔ البتہ خود ریکارڈ شدہ آواز کو ایکو یا دیگر ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے ایسی سریلی آواز میں منتقل کرنا جو اصل آواز کے تابع ہو اور موسیقی سے واضح طور پر الگ ہو، فی نفسہ جائز ہے۔ تاہم اگر ایسی آواز میں موسیقی کے ساتھ مشابہت پیدا ہو جائے تو اس کا استعمال مکروہ ہے، لہٰذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
اسی طرح قدرتی اور فطری آوازوں کا استعمال بھی جائز ہے، مثلاً بارش، ہوا، سمندر، پانی کی لہریں، پرندوں کی چہچہاہٹ، جنگل کی فطری آوازیں اور اسی نوعیت کے دیگر قدرتی ساؤنڈ ایفیکٹس۔ نیز جائز وائس اوور اور ایسی نشید جس میں موسیقی یا آلاتِ موسیقی شامل نہ ہوں، ان کا استعمال بھی جائز ہے۔
لہٰذا اگر ویڈیو کا مواد بھی شرعاً جائز ہو اور اس کے بیک گراؤنڈ میں موسیقی سے اجتناب کرتے ہوئے مذکورہ جائز آوازیں استعمال کی جائیں تو ایسی ویڈیو ایڈیٹنگ کرنا اور اس سے اجرت حاصل کرنا ان شاء اللہ جائز اور حلال ہے۔
Answered by
Mufti Tosif Qasmi
August 01, 2026
Researched & verified under our editorial & answer-review policy.
Related Questions
Support AskMuftiOnline
Your contribution helps scholars answer more questions and keeps this platform free for everyone.
Contribute Now